خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیل میں عرب مسلمان پولیس افسر کو اعلی عہدے پر ترقی دیدی گئی

یروشلم(آئی این پی )اسرائیل میں ایک عرب مسلمان پولیس افسر جمال ہاکرش کو اسرائیلی پولیس میں اعلی ترین عہدے پر ترقی دیدی گئی ،جمال ہاکرش نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری تشدد کے دوران ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے اپنی ملازمت شروع کی تھی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سرائیل میں ایک عرب مسلمان پولیس افسر جمال ہاکرش کو اسرائیلی پولیس میں اعلی ترین عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے ۔ترقی پانے والے مسلمان افسر اب عرب کمیونٹیز میں پولیس کی نگرانی کریں گے جہاں ایک عرصے سے پولیس پر اعتماد نہیں کیا جاتا ہے۔اسرائیلی آبادی کا پانچواں حصہ عرب ہے اور وہ اکثر شکایت کرتے ہیں کہ ان کے علاقوں میں پولیس کی کارکردگی اچھی نہیں ہے۔انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ ان عربوں کی شکایات کی حمایت کرتی ہے۔ہیومن رائٹس واچ نے حالیہ برسوں میں متعدد ایسی رپورٹس شائع کی ہیں جس میں عرب آبادی کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کو اجاگر کیا گیا ہے۔اخبار دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر جمال ہاکرش عرب کمیونٹیزکے لیے بنائی جانے والی نئی پولیس ڈویژن کے سربراہ ہوں گے۔ ایک تقریب میں ڈپٹی کمشنر جمال ہاکرش کو باضابطہ طور پر نئی ذمہ داری دی گئی۔