خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیل میں لگی آگ مقبوضہ بیت المقدس کے قریب پہنچ گئی

اسرائیل:(ملت+اے پی پی) کے مختلف شہروں میں پانچ روز سے بھڑک رہی آگ مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقوں تک پہنچ گئی ہے ۔ حیفہ شہر میں 4روز بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور 60ہزار افراد گھروں کو واپس آگئے ہیں،اسرائیلی حکومت نے آگ لگانے کے شبہے میں 22افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اسرائیل کے شہر حیفہ کے جنگلات سے پھیلنے والی آگ نے کئی شہروں کو لپیٹ میں لے لیا۔4 روز کی کوششوں کے بعد شہر حیفہ میں آگ پر قابو پایاجاسکا،آگ سے 110عمارتوں کو نقصان پہنچا، 44عمارتیں مخدوش قرار دے دی گئیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق منگل سے اب تک 200سے زیادہ مقامات پر آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، آگ اب مقبوضہ بیت المقدس کے نواح تک جاپہنچی ہے اور یہودی بستی اس سے متاثر ہوئی ہے،تازہ واقعے میں مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے میں ایک رہائشی عمارت آگ کی لپیٹ میں آنے سے 11افراد زخمی ہوگئے، 2کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ نطف اورشمالی شہرالخلیل میں اب بھی کئی مقامات پرآگ لگی ہوئی ہے،جو پھیل کر فلسطینی علاقے مغربی کنارے کے قریب پہنچ گئی ہے اور یہودیوں کی ایک بستی ہلمیش آگ کی لپیٹ میں ہے۔ اسرائیلی سیکورٹی اداروں نے بیشتر واقعات کو آتش زنی قرار دے کر 20سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا ہے، بعض علاقوں میں ڈرونز سے نگرانی کی جارہی ہے۔ فلسطین ، ترکی، قبرص، روس اور دیگر ملکوں کے فائر بریگیڈ عملے کی مدد سے آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔