خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ امن عمل بارے فرانسیسی تجویز مسترد کردی

مقبوضہ بیت المقدس:(اے پی پی)اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ امن عمل کے حوالے سے فرانس کی ایک تجویز کو باضابطہ طور پر مسترد کر دیا ہے اور اپنے اس موقف کا پْر زور اعادہ کیا ہے کہ عشروں پرانے تنازعے کو محض فلسطینیوں کے ساتھ براہِ راست بات چیت سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک ہفتہ قبل فرانس نے کہا تھا کہ وہ 30 مئی کو پیرس میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کرے گا، جس میں اس سال کے آخر تک فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کے احیاء کی کوشش کی جائے گی۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں واضح طور پر یہ تو نہیں کہا گیا کہ اسرائیل کسی اور فورم میں شریک ہی نہیں ہو گا تاہم یہ کہا گیا ہے کہ کوئی بھی دوسری سفارتی کوشش فلسطینیوں کو براہِ راست بات چیت سے دور کر دے گی۔