خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیل نے کوئی حماقت کی تو تل ابیب کو تباہ کردیں گے، ایران

اسرائیل نے کوئی حماقت کی تو تل ابیب کو تباہ کردیں گے، ایران
تہران (اے پی پی،ملت آن لائن) ایران کی فوج کے کمانڈر جنرل سیدعبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے کوئی حماقت کی تو تل ابیب کو تباہ کردیں گے۔ارنا نیوز کے مطابق ایران کی فوج کے کمانڈر جنرل سیدعبدالرحیم موسوی نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر حال میں دنیا کے کسی بھی علاقے میں انقلاب کے اہداف کا تحفظ کرنے کے لئے تیار ہیں۔جنرل عبدالرحیم موسوی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ غاصب صیہونی حکومت اور جارح امریکا، انقلاب کے آغاز سے اب تک ایران کے لئے خطرہ بنا رہا ہے کہا کہ ایران کی عوام ایک عرصے سے اسلام کے خلاف دشمن کی دھمکیوں کے سامنے ڈٹے رہے ہیں اور ایک لمحے کے لئے بھی پیچھے نہیں ہٹے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو بھی اعتراف ہے کہ ایران اسلامی علاقے کا ایک اہم ملک ہے۔

ایران نے کہا ہے کہ ایران کے لئے نئے طیاروں کی خریدادی کے معاہدوں پر بین الاقوامی سطح پر دستخط ہوچکے ہیں اس لئے امریکی ایوان نمائندگان کے نئے بل کا طیاروں کی خریداری پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ ایران کی فضائی کمپنی کے سربراہ علی عابدزادہ نے ارنا نیوز ایجنسی سے گفتکو کرتے ہوئے کہا کہ طیارے بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ تمام معاہدے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے تحت ہوئے ہیں اور عالمی برادری کے ساتھ ایران کے سمجھوتے کی اقوام متحدہ نے بھی تائید کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام کمپنیاں اپنے معاہدوں پر قائم ہیں اور ان معاہدوں پر عمل درآمد کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایران کے خلاف عائد ظالمانہ پابندیوں کے باوجود ایران کی ہوا بازی کی صنعت بدستورترقی و پیشرفت کے راستے پر گامزن ہے۔