خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیل پر خصوصی فوجداری عدالت میں مقدمہ چلائے جائے:عرب لیگ کا مطالبہ

قاہرہ :(اے پی پی) عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل پر خصوصی فوجداری عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق نبیل العربی نے یہ بات اس حالیہ اسرائیلی اعلان کے جواب میں کہی ہے جس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ ان کا ملک گولان کا مقبوضہ پہاڑی علاقہ کبھی بھی نہیں چھوڑے گا۔ قاہرہ میں 22 عرب ممالک کے وفود کے ایک اجلاس میں اس اسرائیلی اعلان کی مذمت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل نے 1967ء میں گولان کے علاقے پر قبضہ کر لیا تھا جب کہ 1981ء میں اسے باقاعدہ طور پر اپنا حصہ بنا لیا تھا۔ اقوام متحدہ اس علاقے کو مقبوضہ قرار دیتی ہے اور اسرائیل کا حصہ تسلیم نہیں کرتی۔