خبرنامہ انٹرنیشنل

اسپین کے سرکاری اسکولوں میں اسلامیات کی کلاس

میڈرڈ :(اے پی پی) سپین میں پہلی بار سرکاری اسکولوں میں مسلمان بچوں کے لیے اسلامیات کی کلاس متعارف کرانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ یورپی ممالک میں یہ اپنی نوعیت کا اب تک کا پہلا اقدام ہے کہ کسی سرکاری اسکول میں اسلامی تعلیمات کی کلاس شرو ع کی جا رہی ہے۔الحدث ٹیلی ویڑن کی رپورٹ کے مطابق اسپین کی حکومت نے سرکاری اسکولوں کے نصاب میں دینیات کی کلاس شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے جس پر جلد عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔میڈریڈ حکومت کا کہنا ہے کہ ابتدائی طورپر اسلامیات کا نصاب پرائمری اور مڈل کی سطح کے اسکولوں میں پڑھایا جائے گا۔ اسکولوں میں اسلامی تعلیمات کی کلاس شروع کرنے کا مقصد ملک میں موجود مسلمان بچوں کو اسلام کی اعتدال پسندانہ تعلیمات سے روشناس کراتے ہوئے انہیں گمراہ کن اور انتہا پسندانہ نظریات کی طرف جانے سے روکنا ہے۔اسپین کے سرکاری اسکولوں میں اسلامیات کی کلاسوں کے لیے تیار کردہ نصاب میں اسلامی عقاید، اسلام کے بنیادی اصول، تفسیر قرآن کریم، تاریخ اسلام اور احادیث نبوی شامل ہوں گی۔اس مقصد کے لے اسپین کی حکومت نے ملک میں تین سے 18 سال کے تین لاکھ مسلمان طلباء طالبات کے لیے اضافی بجٹ مختص کیاہے۔خیال رہے کہ اسپین میں کافی عرصے سے وہاں پرسرگرم مسلمان تنظیمیں اسکولوں میں اسلامی تعلیمات کا نصاب پڑھانے کا مطالبہ کرتی چلی آرہی ہیں۔ خاص طور پر ان اسکولوں میں جہاں مسلمان بچوں کی بڑی تعداد زیرتعلیم ہے کے لیے اسلامیات کی کلاسوں کے اجراء کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔