خبرنامہ انٹرنیشنل

اشرف غنی کی نام لیے بغیر پاکستان کو دھمکی

افغان صدر:(اے پی پی) افغان صدر اشرف غنی نئی دلی پہنچنے پر بھارتی بھاشا بولنے لگے ۔اشرف غنی نے نام لیے بغیر پاکستان کو دھمکی بھی دے ڈالی ،کہا ہے جو بھارت اور افغانستان کے راستے بلاک کرےگا خودبلاک ہوجائیگا ۔ افغان صدر کے دورہ بھار ت میں دونوں ممالک کو مطلوب دہشتگردوں کے تبادلے سمیت تین معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔افغان صدر کاکہنا ہے کہ بھارت اور افغانستان کا راستہ روکنےوالے ملک کااپنا راستہ رک جائیگا ۔ افغانستان میں قیام امن میں ناکام صدر کہتے ہیں ہمسایہ ممالک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے ۔ دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت کے مصداق پاکستان کو مطلوب دہشتگردوں کو پناہ دینے والے افغا ن صدر کا یہ بھی فرمانا ہے کہ دہشتگردی میں اچھے برے کی تفریق درست نہیں ۔سی پیک منصوبے سے پاکستان میں معاشی انقلاب سے نالاں دونوں رہنماؤں نے اگلے پانچ برسوں میں باہمی تجارت کو دس ارب ڈالر تک لےجانےکے عزم کااعادہ بھی کیا۔ اس موقع پربھار ت کی جانب سے اصلاح اور استحکام کے نام پرافغانستان کو سالانہ ایک ارب ڈالر امداد دینےکااعلان بھی کیاگیا ۔ افغانستان کے غیرمقبول صدر اشرف غنی نے بھارتی تاجروں اور دفاعی ادارے کی تقریب سے بھی خطاب کیا جہاں اشرف غنی کا کہناتھا کہ چابہار معاہدے سے بھارت پاکستان کو بائی پاس کرتےہوئے تجارتی اشیاءسمندری اور زمینی راستوں سے افغانستان پہنچا سکے گا ۔ اشرف غنی اور نریندرمودی نے ملاقات میں دونوں ممالک کے اہم ایئرپورٹس کو منسلک کیے جانے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔