خبرنامہ انٹرنیشنل

اغوا کئے گئے چھ پاکستانی استنبول سے بازیاب

استنبول: (ملت+اے پی پی) سہانے سپنے اور تعبیر کا سفر لئے مردان کے رہنے والے یورپ چلے لیکن انسانی اسمگلروں کے ہتھے چڑھ گئے۔ انسانیت بیچنے والوں نے پیسے ہتھیائے اور بندے آگے بھجوائے لیکن منزل پر نہ پہنچ پائے۔ اُس پار بیٹھے ایجنٹوں نے دیار غیر جانیوالوں کو یرغمال بنایا اور مزید پیسوں کیلئے تشدد کیا۔ اسے ریکارڈ کر کے لواحقین کو بھجوا دیا۔ میڈیا نے معاملہ اٹھایا تو ایف آئی اے حرکت میں آئی اور اعلیٰ سطح پر رابطے ہوئے تو ترک پولیس بھی ایکشن میں آ گئی۔ استبول کے علاقے عثمان پاشا میں کارروائی کرتے ہوئے چھ پاکستانیوں کو افغان ترک گینگ کے چُنگل سے بازیاب کرا لیا۔ پاکستانی سفارتخانے کے پریس اتاشی عبدالکبر نے بھی تصدیق کر دی۔ پیاروں کی بازیابی کی تصدیق ہوئی تو لواحقین کے چہرے کھل اٹھے۔ ماتم کدہ بنے گھروں میں خوشی کے چراغ جل اٹھے۔ واضح رہے وفاقی تحقیقاتی ادارہ ترکی میں موجود اغوا کاروں کے تین ساتھیوں کو گوجرانوالہ سے پہلے ہی گرفتار کر چکا ہے۔ حکام کے مطابق افضال نامی ایجنٹ نے ترکی میں سیف ہاؤس بنا رکھا ہے۔ لقمان نامی شخص اس کا سہولت کار ہے۔