سپیشل فورسز کا غیر سرکاری امدادی ادارے کے ہسپتال پرچھاپہ ،مبینہ طور پر 4 مشتبہ دہشتگردوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا
کابل(آئی این پی )افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں6طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ انکا اسلحہ بھی تبا ہ ہوگیا،دوسری جانب سپیشل فورسز نے غیر سرکاری امدادی ادارے کے تحت چلنے والے ہسپتال پرچھاپہ مار کرمبینہ طور پر 4 مشتبہ دہشتگردوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا ۔جمعرات کو افغان میڈیا کے مطابق صوبہ پکتیکا کے ضلع گومال میں امریکی ڈرون طیارے کے حملے میں 6 طالبان جنگجو مارے گئے ۔صوبائی گورنر کے ترجمان نبی اللہ پیرخیل نے بتایا ہے کہ ڈرون حملہ راگھئی کے علاقے میں کیا گیا جہاں ضلع گومال کیلئے طالبان کے فرضی گورنر عصمت اللہ کی کمانڈ میں جنگجو لڑرہے ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ عسکریت پسندو ں کی لاشیں انکے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔مقامی حکام نے بھی علاقے میں ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے میں طالبان کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا اس دوران جنگجوؤں کا اسلحہ بھی تباہ ہوگیا۔دوسری جانب سپیشل فورسز نے غیر سرکاری امدادی ادارے کے تحت چلنے والے ایک ہسپتال پرچھاپہ مار کرمبینہ طور پر 4 مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ۔واقعہ صوبہ واردک کے ضلع ڈے میرداد میں پیش آیا ۔صوبائی گورنرکے ترجمان اور افغان سپیشل فورسز کے مطابق لڑائی کے دوران 4 مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔طبی ادارہ چلانے والے غیر سرکاری امدادی گروپ کے سویڈش کمیٹی کے ترجمان محمد صلاح مہمند کا کہنا ہے کہ سپیشل فورسز کے اہلکاروں نے ہسپتال کے باہر تین افراد کو گولی ماری اسکے بعد انھوں نے عمارت کی تلاشی لی اور اس دوران 2زخمی مریضوں کے ساتھ ساتھ ایک تیماردار کو بھی کو گرفتارکرلیا جنھیں باہر لے جاکر گولی ماردی گئی ۔