افغانستان کے شہر جلال آباد میں خودکش حملے میں 10 سکھوں سمیت کم از کم 19 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دہشت گرد تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
صوبہ ننگرہار کے گورنر عطا اللہ خوگیانی نے واقعے اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ خودکش تھا۔ حملہ آور نے گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مخابرات اسکوائر سے گزر رہی تھی۔ دھماکے کی وجہ سے آس پاس کی دکانوں اور عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
مقامی حکام نے کہا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سکھ کمیونٹی کا وفد افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے۔ اشرف غنی اس وقت ننگرہار صوبے کے دورے پر ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں وہ سکھ شخص بھی شامل تھا جو ملک میں آئندہ اکتوبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں واحد سکھ امیدوار بننے والا تھا۔ یاد رہے کہ افغانستان میں سکھ برادری اقلیت میں ہے۔
حملے سے چند گھنٹے قبل ہی صدر اشرف غنی نے جلال آباد کے ایک سپتال کا دورہ کیا تھا تاہم جس وقت حملہ ہوا اس وقت وہ علاقے سے نکل چکے تھے۔