خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان؛ امریکی ڈرون حملہ اہم طالبان کمانڈرسمیت 21جنگجو ہلاک

کابل/واشنگٹن(آئی این پی)افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز میں امریکی ڈرون حملوں میں اہم طالبان کمانڈر سمیت 21جنگجو ہلاک ہوگئے حملے میں طالبان کی جیل میں قید 6یرغمالی بھی مارے گئے ،امریکہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی جیل پر امریکی فضائی حملے میں متعدد یرغمالیوں کے مارے جانے کی تحقیقات کررہے ہیں۔منگل کو افغان میڈیاکے مطابق قندوز میں امریکی ڈرون حملے میں 16طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ مقامی حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈرون حملہ ضلع چہارسدہ میں کیا گیا جس میں طالبان کی 2گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ۔حملے میں 16طالبان مارے گئے تاہم شہریوں کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ادھر قندوز میں طالبان کی جیل پر کیے گئے امریکی ڈرون حملے میں 6یرغمالی مارے گئے جبکہ حملے میں طالبان کا اہم کمانڈر بھی مارا گیا جس کی شناخت جنت گل کے نام سے ہوئی ہے جو شہریوں کے اغواء میں ملوث تھا۔وزارت دفاع کے حکام نے قندوز میں ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتے کو کیے گئے فضائی حملے میں شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں۔طالبان کمانڈر نے شہریوں کو اغواء کرکے جیل میں رکھا ہوا تھا ۔دوسری جانب امریکہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی جیل پر امریکی فضائی حملے میں متعدد یرغمالیوں کے مارے جانے کی تحقیقات کررہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کاکہنا ہے کہ وہ ان خبروں کی تحقیقات کر رہی ہے، جن میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں ایک امریکی فضائی حملے میں طالبان کی ایک جیل کو نشانہ بنایا گیا اور یہ کہ اس حملے میں متعدد یرغمالی بھی مارے گئے۔ افغانستان میں امریکی فورسز کے ایک ترجمان رون فلیسوِک نے بتایا کہ اس فضائی حملے میں شہری ہلاکتوں کے الزامات کو جانچا جا رہا ہے۔ پیر کو دیر گئے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا تھا کہ ہفتے کی رات کو طالبان کی ایک جیل پر کیے گئے امریکی فضائی حملے میں افغان سکیورٹی فورسز کے چھ ارکان ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔ اس ترجمان نے یہ بھی بتایا تھا کہ اس حملے میں جیل کے انچارج اور مقامی طالبان کمانڈر جنت گل سمیت پانچ عسکریت پسند بھی مارے گئے تھے۔ اس سے پہلے افغان حکومت نے اس حملے میں تین قیدیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دیگر تین قیدیوں کو فضائی حملے کے بعد طالبان نے انتقاما ہلاک کر دیا۔