خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان؛ درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

کابل : (ملت+اے پی پی)افغانستان کی سیکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں میں درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ صوبہ لوگر میں گزشتہ دو ہفتوں سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جس میں اب تک 100سے زائد عسکریت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔حکام نے بتایا کہ کارروائیوں میں درجنوں دیگر زخمی ہوگئے ۔سیکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اورگولہ بارود بھی برآمد کرلیا ہے۔شمالی صوبہ بدخشاں اورجوزجان میں جھڑپوں کے دوران 14عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔صوبہ ہلمند میں جھڑپوں میں 16عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیاہے۔حکام کے مطابق 200کے قریب طالبان نے ضلع گریشک کے مرکز پر حملہ کردیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہوئیں۔افغان حکام کے مطابق صوبہ نیمروز میں جھڑپوں میں 44عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔یہ جھڑپیں صوبہ کے مختلف علاقوں میں ہوئیں۔