خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان؛ نیٹوکی بمباری 4 پاکستانیوں سمیت 30 ہلاک

ہلمند/ کوئٹہ/ چاغی:(اے پی پی) افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں نیٹو کے فضائی حملے میں 4 پاکستانیوں سمیت 30 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ جھڑپوں میں 20 طالبان بھی مارے گئے۔ نیٹو طیاروں نے جمعہ 15 جولائی کی رات ڈرگ اسمگلرز کے ایک قافلے کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ پاک افغان بارڈر کے قریب بند تیمور کے صحرا کو عبورکررہے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈرگ اسمگلرز بلوچستان کے ضلع چاغی کے ذریعے ایران میں داخل ہونے کا ارادہ رکھتے تھے۔ چاغی کے ڈپٹی کمشنر قادر پرکانی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کی فضائی کارروائیوں میں 4 پاکستانی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حملے میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افرادکی لاشیں مسخ ہوجانے کی وجہ سے ان کی شناخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں، ہلاک افرادکا تعلق چاغی اورنوشکی سے بتایاجاتا ہے جن میں سے ایک شخص مزارخان کی تدفین چاغی میں کردی گئی ہے۔ نیٹو طیاروں نے اسمگلرزکوخفیہ اطلاعات پرنشانہ بنایا۔ دریں اثنا افغانستان میں مزید پرتشدد واقعات میں پولیس سربراہ اور 20 طالبان ہلاک ہو گئے۔ صوبہ قندوز کہ ضلم قالائے زال میں طالبان نے ایک چوکی پر دھاوا بول دیا جس میںایک اہلکار اور 4 طالبان ہلاک ہو گئے۔ صوبہ ہلمند میں افغان فورسز نے طالبان کے ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس میں 16طالبان مارے گئے۔