خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان:سیکورٹی فورسز کی کارروائی اور ڈرون حملہ میں داعش کے 25 کارکن ہلاک

کابل:(اے پی پی) مشرقی افغانستان میں فوجی کارروائی اور ڈرون حملے میں داعش کے 25 کارکن ہلاک ہوگئے۔ دوسری طرف افغان حکام نے کابل کے مغرب میں دو خواتین سمیت چار افراد کی نعشیں برآمد کر لی ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق سرکاری عہدےداروں نے بتایا ہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع کوٹ میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور اس دوران داعش کے 19 شدت پسند ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک اور اطلاع کے مطابق اسی صوبے میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں بھی داعش کے چھ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ حکام نے ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے تاہم مزید تفصیلات بارے آگاہ نہیں کیا۔ کابل میں کریمینل انوسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز کابل شہر کے مغرب میں دو خواتین اور دو مردوں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں اور ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کو کس نے اور کیوں ہلاک کیا؟ اس بارے تحقیقات جاری ہیں۔ ایک اور ذریعے نے بتایا کہ یہ غیرت کے نام پر قتل کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
افغانستان