خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان ، داعش کا امریکی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

کابل(آئی این پی )افغانستان میں داعش نے امریکی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ مسلح افراد نے بارودی سرنگیں صاف کرنے والے 15کارکنوں کو اغواء کرلیا،دوسری جانب افغان حکومت نے مشرقی صوبہ ننگرہار میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق صوبہ ننگرہار میں شدت پسند تنظیم داعش نے امریکی ڈرون طیارہ مارگرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔شدت پسند تنظیم کے وفاداروں کی طرف سے سوشل میڈیا پرپوسٹ تصاویر میں نگرانی کیلئے استعمال ہونے والا ڈرون لگتا ہے تاہم تصاویر کی حقیقت کے حوالے سے آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے ۔داعش کا دعویٰ ہے کہ امریکی ڈرون طیارے کو ضلع آچن میں مار گرایا گیا جو آئی ایس آئی ایس کا گڑھ ہے ۔ڈرون طیارے کی تبائی کے داعش کے دعوے کے حوالے سے امریکی فوج کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ادھرادھر مغربی صوبہ ہرات میں نامعلوم مسلح افراد نے بارودی سرنگیں صاف کرنے والے 15 کارکنوں کو اغواء کرلیا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ جمعہ کی دوپہر کو ضلع کوہسان کے علاقے شاباش میں پیش آیا۔صوبائی گورنر کے ترجمان جیلانی فرہاد کا کہنا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیاں مقای عمائدین کے تعاون سے یرغمالیوں کو تلاش اور انکی رہائی کیلئے کوششیں کررہی ہیں۔تاحال کسی بھی گروپ نے اغواء کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔دوسری جانب افغان حکومت نے مشرقی صوبہننگرہار میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔صوبائی گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن مسلح عسکریت پسندوں کی موسم بہار کی کاروائیوں سے پہلے شروع کیا جائے گا۔عطااللہ کھوگیانی نے بتایا ہے کہ آپریشن کھوگیانی،آچن،چھپرہار،ہیسکا مینا،باٹی کوٹ اور دیگر اضلاع میں شروع کیا جائے گا۔افغان حکومت کو اس بات کا خدشہ ہے کہ چار فریقی مذاکرات کے ذریعے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں ناکامی کے بعد طالبان کی طرف سے مسلح کاروائیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔