غزنی میں مدرسے کے اندر بم بنانے کی تربیت دینے کے دوران بم پھٹ گیا،کمانڈر سمیت 7 طالبان جنگجو مارے گئے
کابل(آئی این پی )افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش او ر طالبان کے 50 جنگجو ہلاک ا ور 26 زخمی ہوگئے ، ادھر صوبہ غزنی کے مدرسے میں بم بنانے کی تربیت دینے کے دوران دھماکہ ہونے سے کمانڈر سمیت 7 طالبان جنگجو مارے گئے ۔جمعرات کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں افغان نیشنل سیکورٹی فورسز نے ملک کے مختلف علاقوں میں تازہ کاروائیاں کی ہیں جن میں 46داعشی جنگجو مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتارکرلیا گیا ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع آچن میں کاروائیوں کے دوران داعش کے 46 جنگجو ہلاک ہوئے جبکہ ضلع گومال میں 2 جنگجو مارے گئے ۔دریں اثناء صوبہ ہلمند کے ضلع گریشک میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں متعدد جنگجو مارے گئے جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔صوبہ قندوز کے ضلع دشت ارچی میں عسکریت پسندوں کو ایک کمانڈر بھی مار ا گیا جبکہ 15 جنگجو زخمی بھی ہوئے۔ننگرہار کے ضلع باٹی کوٹ میں آپریشن کے دوران 5 عسکریت پسند ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔وزارت دفاع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارو د بھی برآمد کرلیا۔ادھر صوبہ غزنی میں بم بنانے کی تربیت کے دوران دھماکہ ہونے سے 7 طالبان جنگجو مارے گئے ۔صوبائی پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعہ ضلع اندر میں پیش آیا جہاں طالبان جنگجو حضرت صاحب مدرسے میں بم بنانے کی تربیت دینے میں مصروف تھے کہ اچانک دھماکہ ہوگیا۔صوبائی ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ طالبان کمانڈر اپنے جنگجوؤں کو بم بنانے اور نصب کرنے کی تربیت دے رہا تھا۔دھماکے میں طالبان کمانڈر بھی مار ا گیا جس کی شناخت فاروق کے نام سے ہوئی ہے دھماکے میں 2 جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں۔افغان انٹیلی جنس نے صوبہ پکتیکا میں سپیشل آپریشن کے دوران دہشتگرد حملوں میں ملوث 2مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔