خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان: بس کےقریب زوردار دھماکہ،4افرادہلاک

کابل :(اے پی پی)جنوبی افغانستان میں مسافرمنی بس کے قریب زوردار دھماکہ کے نتیجے میں 4افرادہلاک اور5دیگرزخمی ہوگئے،افغان حکام نے ہلمند کے ضلع مرجا میں طالبان کے صوبائی شیڈوگورنر کو فضائی کاروائی میں مارنے کا دعویٰ کیا ہے،افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں کاروائیوں کے دوران 53عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے ،کاروائیوں میں 10فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے ۔افغان میڈیا کے مطابق قندہار کے صوبائی گورنر کے ترجمان شمیم خپلواک نے بتایاکہ گزشتہ روز قندہار کے ضلع شاہ ولی کوٹ میں ایک مسافرمنی بس کے قریب زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4افرادہلاک اور5دیگرزخمی ہوگئے۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ہلمند کے ضلع مرجا میں طالبان کے صوبائی شیڈوگورنر کو ایک فضائی کاروائی میں مارنے کا دعویٰ کیاگیاہے۔صوبائی سیکورٹی چیف کے مطابق ملا منان ایک فضائی کاروائی میں شدید زخمی ہوگئے تھے اورگزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔انہوں نے کہاکہ ملا منان کو آپریشن خنجر کے دوران نشانہ بنایا گیا۔طالبان کی جانب سے ابھی تک اس بارے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔کابل میں افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں کاروائیوں کے دوران 53عسکریت پسند ہلاک اور10فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔بیان کے مطابق یہ کاروائیاں زیادہ تر مشرقی اورجنوبی افغانستان کی صوبوں میں کی گئیں۔