خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان سیکورٹی فورسزکا مختلف کارروائیوں کے دوران درجنوں عسکریت پسند ہلاک

کابل:(اے پی پی) افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، کارروائیوں میں 10 افغان فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے، خوست میں افغان فورسز نے ایک چھاپے کے دوران تین شہریوں کو قتل کر دیا، صوبہ فرح میں طالبات کیلئے قائم سکول میں زہرخورانی کے باعث 100 سے زائد طالبات متاثر ہو گئیں۔ افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ شمالی صوبہ قندوز میں جمعہ کی شب سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے جس میں اب تک 20 طالبان ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ شمالی صوبہ جوزجان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 13 طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس صوبے میں کارروائی کے دوران عسکریت پسند کمانڈر نعمت اللہ کو گرفتارکیا گیا۔ حکام نے اس ضمن میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنز کے دوران 48 جنگجو ہلاک ہو گئے۔ بیان میں ان کارروائیوں میں 10 افغان فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ صوبہ کپیسا میں طالبان نے حکومت کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک شہری کو قتل کر دیا۔ صوبہ خوست میں افغان فورسز نے ایک چھاپے کے دوران تین شہریوں کو قتل کر دیا۔ مقامی حکام کے مطابق مرنے والے تینوں افراد عام شہری تھے۔ اس کارروائی میں 8 دیگر افراد کی گرفتاری کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ دریں اثناء مغربی صوبہ فرح میں طالبات کیلئے قائم سکول میں زہرخورانی کے باعث 100 سے زائد طالبات متاثر ہو گئیں۔ حکام کے مطابق اس واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ زیادہ ترطالبات کو جلد پر الرجی، خارش اور بخار کی شکایات ہیں۔ طالبات کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔