خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان: مختلف کاروائیوں میں 26شدت پسند ہلاک

کابل:(اے پی پی) افغانستان میں مختلف کاروائیوں میں 26شدت پسند ہلاک ہوگئے جن میں داعش کے مشتبہ کارکن بھی شامل ہیں ، غور میں شدت پسندوں کے حملے میں حزب اسلامی کے سابق کمانڈر اورصوبائی امن کونسل کے رکن نصراللہ نصرت ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز سیکورٹی فورسز نے ننگرہارکے ضلع کوٹ میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں داعش کے 5کارکن ہلاک ہوگئے۔قبل ازیں پیر کو بھی ننگرہارمیں ایک کاروائی کے دوران 11عسکریت پسند ہلاک اور14زخمی ہوگئے تھے۔افغان حکومت کے مطابق ننگرہارمیں داعش کے خلاف کاروائی آپریشن شاہین کے سلسلے میں کی جارہی ہے۔صوبہ غزنی میں اسی طرح کی ایک اورفضائی کاروائی میں 14عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیاہے کہ فضائیہ نے ضلع نوا میں 14عسکریت پسندوں کے ٹھکانے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 14عسکریت پسند ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔اس بارے مزیدتفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہے۔وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیاہے کہ صوبہ لوگر کے ضلع چرخ میں کلئیرنگ آپریشن کے دوران 7عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔اس کاروائی میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیاہے۔مغربی صوبہ غور میں شدت پسندوں کے حملے میں حزب اسلامی کے سابق کمانڈر اورصوبائی امن کونسل کے رکن نصراللہ نصرت ہلاک ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ کہ وہ صوبائی دارالحکومت کے ایک بازار میں فروٹ خرید رہے تھے کہ اس دوران مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہلاک ہوگئے۔