خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان میں دھماکا، بچوں اور عورتوں سمیت 11 شہری ہلاک

کابل: افغانستان میں شدت پسندوں نے دہشت گرد کارروائیاں تیز کردیں، دھماکے کے نتیجے میں بچوں اور عورتوں سمیت 11 عام شہری ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں ایک جانب پارلیمانی انتخابات جاری ہیں تو دوسری طرف عسکریت پسندوں نے اپنی دہشت گرد کارروائیوں میں اٖضافہ کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبے ننگرہار میں سڑک کنارے ہونے والے دھماکے کے باعث گیارہ عام شہری زندگی کی بازی ہار گئے جن میں ایک خاتون اور چھ بچے شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متاثر ہونے والے افراد ایک ویگن میں موجود تھے، جس کے نيچے يہ دھماکہ ہوا۔قبل ازیں طالبان نے انتخابات کو ناکام بنانے کے لیے حملے کی دھمکی بھی دی تھی۔

افغانستان میں آج اتوار کے روز پارلیمانی الیکشن کے دوسرے دن پولنگ جاری رہی، تاہم اب تک نتائج کا سرکاری اور حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل افغانستان میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران کابل میں پولنگ اسٹیشن کے قریب دھماکوں کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 4 افراد زخمی جبکہ صوبہ غور میں فائرنگ کی زد میں 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

گذشتہ دنوں قندھار پولیس کے آئی جی جنرل عبدالرزاق کو ان کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکار نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل افغان صوبے ہلمند میں بم دھماکے کے نتیجے میں انتخابی امیدوار عبدالجبار سمیت 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔