خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے مختلف آپریشن میں سرکردہ طالبان رہنما سمیت 48افراد ہلاک

کابل :(اے پی پی) افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں سرکردہ طالبان رہنما سمیت 48افراد ہلاک ہوگئے ۔ افغانستان کے ذرائع ابلاغ نے افغان وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز نے ہلمند کے صوبے میں آپریشن کر کے سرکردہ طالبان راہنما مولوی عبدالوہاب سمیت 9طالبان کو ہلاک اور16کو زخمی کر دیا۔ مولوی عبدالوہاب طالبان کے لیے نئے کارکن بھرتی کرنے کا ذمہ دار تھا۔ افغان وزارت دفاع کے مطابق تخار ، خوست ، قندوز اورغزنی کے صوبوں میں سکیورٹی فورسز کے مختلف آپریشنز میں 39 شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق ان کاروائیوں میں افغان نیشنل آرمی کے 2جوان بھی ہلاک ہوگئے ہیں ۔ دریں اثنا افغان خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اسلامی نے عائد سفری اور دیگر پابندیاں اٹھانے اور اٖفغان حکومت میں حصے کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء کابل میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوے افغان حکومت کے مشیر اطلاعات حافظ احمد میاخیل نے بعض یورپی ممالک کی جانب سے افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کرنے کے فیصلے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان ممالک سے اس فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔