خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان میں طالبان دھڑوں میں تصادم سے 67 جنگجوہلاک

کابل:(اے پی پی) افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند کے ضلع گریشک میں طالبان کے پولیس ہیڈ کوارٹرز اور انٹیلی جنس ایجنسی کے دفاتر پر حملے میں 2 پولیس افسر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں7 دہشت گرد مارے گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبہ ہلمندکے ضلع گریشک میں 10 عسکریت پسندوں نے پولیس کے صدردفاتراورانٹیلی جنس دفاترپرحملہ کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں میں سے 7سیکیورٹی فورسزکے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے ہیں، کم ازکم 2 پولیس افسرہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ صوبہ ہرات میں طالبان کے 2 دھڑوں کے درمیان جھڑپوں میں 2 سینئررہنماؤں سمیت67 جنگجوہلاک ہوگئے،طالبان نے 11 شہریوں کو اغواکرلیا۔ صوبہ ہرات میں طالبان کے 2 دھڑوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں،مارے گئے 2 سینئر رہنما ؤں کی شناخت ملا ملک اورملاوکیل کے نام سے ہوئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ 2سینئرطالبان رہنماؤں ملا صمد اورملانانگی الہی کے درمیان جھڑپیں پیر سے ضلع شندد میں شروع ہوئیں۔ طالبان نے شمالی صوبہ سرائے پل میں ہائی وے سے 11 شہریوں کو اغوا کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری گاڑی میں جارہے تھے کہ نامعلوم افراد نے انھیں روک کر اغواکرلیا۔دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے مشرقی صوبہ ننگرہارمیں داعش کا بڑا حملہ ناکام بنادیا۔