نیویارک ۔ (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے افغان مذاکراتی عمل سے نہ صرف افغانستان میں استحکام اورخوشحالی کی امید پیدا ہوئی ہے بلکہ اس سے پورے خطے میں استحکام اورخوشحالی آئے گی۔ اقوام متحدہ کی 15 رکنی سلامتی کونسل میں افغانستان کے حوالے سے بحث کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کی جانب سے سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ افغانستان میں قیام امن کا حصول صرف سیاسی طور پر ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں کئی دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمہ کی بات کی ہے تاکہ افغان عوام کو امن مل سکے۔ افغانستان میں امن وامان کے حوالے سے انہوں نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران امن مذاکرات کیلئے مشاورتی عمل شروع کیا گیا ہے ۔ ملیحہ لودھی نے اسلام آباد میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے موقع پر اس حوالے سے ہونے والی مثبت پیشرفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اورافغان صدر اشرف غنی نے مثبت مذاکرات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام کیلئے افغانستان، پاکستان، امریکا اورچین پر مشتمل چار فریقی گروپ تشکیل دیا گیا ہے تاکہ افغان امن کوششوں کو کامیاب بنایا جاسکے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اس نئی حکمت عملی کی کامیابی کا انحصار چاروں فریقین پر ہے ۔ انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ ہر فریق کو مشترکہ مقاصد کے صحول کیلئے امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستانی سفیر نے اس حوالے سے درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ توقعات کو حقیقیت کے مطابق ہونا چاہئے اور سٹرٹیجک حکمت عملی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سربراہی میں پائیدار اورمستقل امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے مناسب ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ افغانستان اورخطے میں امن اور سلامتی کیلئے پاکستان اور افغانستان کا کردار اہم ہے اور اس سلسلے میں دہشت گردی کی تحریک کو روکنے کیلئے سرحدی نظام کیلئے پاکستان اورافغانستان کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی نظام کی بہتری کیلئے افغانستان کو پاکستان کی کوششوں کا مثبت جواب دینا چاہئے جو خطے میں امن وامان کے لئے انتہائی ضروری ہے۔