خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان میں مریض کے ہاتھوں خاتون فزیوتھراپسٹ قتل

افغانستان میں مریض کے ہاتھوں خاتون فزیوتھراپسٹ قتل
مزار شریف(ملت آن لائن)افغانستان میں وہیل چیئر پر بیٹھے ایک مریض نے فائرنگ کرکے غیر ملکی خاتون فزیوتھراپسٹ کو قتل کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے شہر مزارِ شریف میں واقع ریڈ کراس کے آرتھوپیڈک سینٹر میں یہ واقعہ پیش آیا۔ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے ترجمان تھامس گلاس نے واقعے کی تصدیق کی تاہم انہوں ہلاک ہونے والی فزیوتھراپسٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اسپتال کے اندر ہی پیش آیا جس کے فوراً بعد خاتون فزیوتھراپسٹ کو کیمپ مارمل میں نیٹو کے ملٹری بیس اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے اس سلسلے میں دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن میں فائرنگ کرنے والا 21 سالہ نوجوان بھی شامل ہے۔ حملہ آور کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ باقاعدگی سے اسپتال میں چیک اپ کے لیے آتا تھا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے پستول وہیل چیئر میں چھپائی تھی جس سے اس نے ڈاکٹر پر حملہ کیا۔
واضح رہے کہ رواں برس فروری میں ریڈ کراس کے 6 افغان ملازمین کو قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد سے افغانستان کے شمالی حصے میں تمام فلاحی سرگرمیاں معطل کر دی گئی تھیں۔