خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان میں پہلے چینی فوجی اڈے کے لیے تیاریاں شروع

افغانستان میں پہلے

افغانستان میں پہلے چینی فوجی اڈے کے لیے تیاریاں شروع

کابل:(ملت آن لائن)چین نے افغانستان میں اپنے پہلے فوجی اڈے کی تعمیر کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ افغانستان کے محکمہ دفاع نے چین کے ساتھ فوجی اڈے کی تعمیر کے حوالے سے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر دونوں ممالک میں اتفاق ہے تاہم جزئیات واضح کی جارہی ہیں۔ افغانستان کے محکمہ دفاع کے نائب ترجمان محمد رادمنیش کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں فوجی اڈے کی تعمیر کے حوالے سے سب سے پہلے دسمبر 2017 میں بیجنگ میں مذاکرات ہوئے تھے۔ اس حوالے سے جزئیات ابھی واضح کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس فوجی اڈے کی تعمیرخودکرنا چاہتے ہیں لیکن چینی حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ڈویژن کی مالی مدد فراہم کرے گا اور افغان فوجیوں کو تربیت فراہم کرنے سمیت فوجی سازوسامان، ہتھیار اور دیگرمدد فراہم کرے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ چین، افغانستان میں دور افتادہ اور پہاڑی علاقے واخان میں فوجی اڈا تعمیر کرے گا جہاں اطلاعات کے مطابق دونوں ممالک کی فوجیں مشترکہ پٹرول کرتی ہیں تاہم اس وقت اس حوالے سے تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی۔ دوسری جانب چینی حکام نے بھی گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ افغانستان میں کوئی فوجی اڈہ تعمیر نہیں کر رہے تاہم اب افغان حکام نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ دونوں ممالک میں فوجی اڈے کی تعمیر سے متعلق مذاکرات جاری ہیں، اور یہ کہ دونوں ممالک میں اس حوالے سے اتفاق بھی پایا جاتا ہے۔