خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان: ڈرون حملے میں 26 طالبان دہشت گرد ہلاک

افغانستان: ڈرون

افغانستان: ڈرون حملے میں 26 طالبان دہشت گرد ہلاک

کابل:(ملت آن لائن) افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے غزنی میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 26 طالبان دہشت گرد مارے گئے۔ افغان نیوز ویب سائٹ خامہ پریس کی رپورٹ میں صوبائی گورنر کے ترجمان محمد عارف نوری کے حوالے سے بتایا گیا کہ ‘ضلع اندر میں منگل کی رات طالبان کے ایک اجتماع پر حملہ کیا گیا’۔ انہوں نے بتایا کہ ‘حملے میں 26 دہشت گرد ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوئے’۔ تاحال طالبان سمیت کسی شدت پسند گروپ کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ افغان صوبے غزنی کو طالبان سمیت دیگر شدت پسند تنظیموں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، جو یہاں سے ملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔ یہ بھی یاد رہے کہ گذشتہ ماہ افغانستان میں 3 بڑے دہشت گرد حملے ہوئے، جن میں مجموعی طور پر 100 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

…………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے…ترک فضائیہ کی عراق میں کارروائی کے دوران 49 کرد جنگجو ہلاک

بغداد:(ملت آن لائن) ترک فضائیہ نے عراق میں فضائی کارروائی کے دوران 49 کرد جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے ترک حکومت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترک فضائیہ نے عراق کے شمالی حصے میں کردستان ورکرز پارٹی کے 19 ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ جس کے نتیجے میں 49 کرد جنگجوؤں سمیت ان کے متعدد اہم ٹھکانے اور اسلحے کا ڈپو تباہ ہوگیا ہے۔
ترک فضائیہ کی عفرین میں کرد ملیشیا پر بمباری
ترک حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ کرد باغیوں کے جس گروہ کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ 1980 کی دہائی سے ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں فعال تھے اور کارروائی کے دوران بھی وہ ترکی میں دہشتگردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ واضح رہے کہ ترکی، شام سے ملحقہ علاقوں میں کرد جنگجوؤں کے خلاف بھی کارروائی کررہا ہے، اس حوالے سے اسے غیر ملکی دباؤ کا بھی سامنا ہے۔