خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان کا پاکستان پر پھر سے الزام

کابل: (ملت+آئی این پی) افغان حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ مزار شریف میں جرمن قونصل خانے پر حملے کامنصوبہ چھ ماہ قبل پاکستان میں بنایا گیا تھا ۔افغان خبررساں ادارے’’ تولو نیوز ‘‘کے مطابق شمالی صوبہ بلخ کے قائمقام گورنر محمد اسحاق سروری نے الزام لگایا ہے کہ مزار شریف میں جرمن قونصلخانے پر حملے کی منصوبہ بندی چھ ماہ قبل پشاور میں کی گئی تھی ۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک گرفتار خود کش بمبار نے اعتراف کیا ہے کہ اسے خود کش حملہ کرنے کے لئے دو ماہ قبل پاکستان میں تربیت دی گئی تھی ۔ سروری کا کہنا ہے کہ گرفتار حملہ آورنے بتایا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی چھ ماہ قبل پاکستان میں کی گئی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل مزار شریف میں واقع جنرل کونسل خانے کے قریب ایک کار بم دھماکہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے ۔