خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان کودوبارہ دہشتگردوں کی پناہ گاہ نہیں بننےدیں گے: اوباما

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام امریکا کے لیے ناگزیر ہے اس لئے اسے دوبارہ دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہیں بننے دیں گے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں افغان فورسز کی مدد کرتے رہیں گے کیوں کہ افغانستان میں امن وسلامتی امریکا میں امن وسلامتی کے لیے ناگزیر ہے اور اس مسئلے کا اصل حل افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات ہیں اس لئے افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو داعش کی پناہ گاہ بننے نہیں دیں گے اور خطے کے تمام ممالک دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کردیں۔ براک اوباما کا کہنا تھا کہ افغان افواج کی جنگی تربیت کررہے ہیں جب کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد رواں سال کے آخر تک کم کرکے 9 ہزار 800 سے 8 ہزار 400 کر دی جائے گی تاہم اتحادی ممالک افغانستان میں فوج رکھنے یا نہ رکھنے کا اعلان خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریکی فوج دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی تاہم افغان فوج اب اپنی سیکیورٹی کی مکمل ذمہ دار ہے۔ افغانستان میں امریکی مشن نے مطلوبہ نتائج حاصل کر لیے ہیں تاہم افغانستان کی تعمیر نو میں وقت درکار ہے، سب پر واضح کر دیا ہے کہ افغانستان کو دوبارہ دہشت گردوں کے لئے پناہ گاہ نہیں بننے دیں گے تا کہ مستقبل میں ہم پر کوئی حملہ نہ کر سکے۔