کابل ۔ (اے پی پی) افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 22 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، کارروائیوں میں پانچ افغان فوجی ہلاک ہوگئے، ننگرہار میں طالبان اور داعش کے درمیان جھڑپوں میں 6 عسکریت پسند ہلاک ہوگے، افغانستان میں سیکورٹی خدشات اور دھمکیوں کے بعد 7 ریڈیو چینل بند ہوگئے۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق کابل میں افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف صوبوں میں سیکورٹی فورسز نے کارروائیاں کیں ان کارروائیوں کے دوران 22 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں لوگر، خوست، میدان وردگ، قندھار، اورزگان، ہرات، بغلان، بلخ، بدخشاں اور ہلمند میں کی گئیں۔ وزارت دفاع نے کہا ہے کہ کارروائیوں کے دوران پانچ افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔ مشرقی صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع چین میں شدت پسند تنظیم داعش اورطالبان کے درمیان جھڑپوں میں داعش کے پانچ جنگجو اور ایک طالب ہلاک ہوگیا۔ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہیں۔ ادھر فری میڈیا ایڈوکیسی کیلئے قائم گروپ نے کہا ہے کہ ملک میں دھمکیوں اور خطرات کے بعد 7 ریڈیو سٹیشن بند ہوگئے ہیں۔ ایڈوکیسی گروپ کی جانب سے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر جاری ہونے والے بیان میں کہاگیا ہے کہ ملک کے 34صوبوں میں 120 کے قریب ریڈیو سٹیشن کام کررہے تھے جن میں سے 7 سیکورٹی وجوہات اور دھمکیوں کے بعد بند کردیئے گئے ہیں۔