خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان سیکورٹی فورسز کی کاروائیوں میں 46شدت پسند ہلاک

کابل: (ملت+آئی این پی)افغانستان میں سیکورٹی فورسز کی کاروائیوں میں 46شدت پسند ہلاک اور 43زخمی ہوگئے جبکہ دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے واقعات میں 4بچوں اور 5طالبان رہنماؤں سمیت 11افراد شدید زخمی ہوگئے ،ادھر افغان انٹیلی جنس نے دارالحکومت کابل میں بڑے حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے خودکش جیکٹوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔جمعرات کو افغان میڈیا کے مطابق ملک میں سیکورٹی فورسز کی کاروائیوں میں 44شدت پسند ہلاک اور 43زخمی ہوگئے ۔وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے ملک کے 34میں سے 9 صوبوں میں شدت پسند وں کے خلاف خصوصی انسداددہشتگردی آپریشنز کیے جن میں 44شدت پسند ہلاک اور 43زخمی ہوگئے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ میں مشترکہ فورسز کی شدت پسندوں کے خلاف کاروائی میں 19طالبان جنگجو ہلاک اور15زخمی ہوگئے ۔ارزگان میں جوائنٹ فورسز کے صوبائی دارالحکومت ترینکوٹ میں شاہ منصور گاؤں میں چھاپے کے دوران 10شدت پسند ہلاک اور 12زخمی ہوگئے ۔ہلمند اور ارزگان میں گزشتہ کئی ماہ سے شدید جھڑپیں جاری ہیں جہاں طالبان حکومتی فورسز کے خلاف سرگرم ہیں۔وزارت دفاع کے مطابق شدت پسندوں کے خلاف کیے گئے آپریشنز کے دوران زمینی فوج کو جنگی جہازوں اور آرٹلری کی مدد بھی حاصل تھی اس دوران سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا جبکہ چھاپوں کے دوران درجنوں بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنادیا گیا۔وزارت دفاع نے آپریشنز کے دوران سیکورٹی فورسزکے جانی نقصان بارے کوئی معلومات فراہم نہیں کی ۔جنوبی صوبہ قندھار میں مختلف پرتشدد واقعات میں 2شدت پسند ہلاک جبکہ بچوں سمیت 6افراد زخمی ہوگئے ۔صوبائی گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلع شواعلکوٹ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 4بچے زخمی ہوگئے ۔واقعہ ملا برجان کے علاقے میں پیش آیا جب بچے کھیل میں مصروف تھے ۔زخمی ہونے والے بچوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔دریں اثناء دسویں ضلع کی حدود میں فوجی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایک سیکورٹی اہلکاراور ایک شہری زخمی ہوگیا۔ضلع ماروف میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے دوران جوابی کاروائی میں 2شدت پسند مارے گئے ۔مشرقی صوبہ نورستان میں بم دھماکے میں 5طالبان رہنما شدید زخمی ہوگئے ۔وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ واقعہ ضلع دوآب کی حدود میں پیش آیا جہاں آئی ای ڈی کا دھماکہ ہوا۔زخمی طالبان رہنماؤں کی شناخت قاری محمد حنیف،صلاح الدین جمعہ،محمد شاہ اور داد امحمد کے نام سے ہوئی ہے ۔دوسری جانب افغان انٹیلی جنس (این ڈی ایس ) نے دارالحکومت کابل میں بڑے حملوں کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے خودکش جیکٹس سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔این ڈی ایس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس اہلکاروں نے 3خودکش جیکٹس،6مقناطیسی بم،ایک دیسی دھماکہ خیز ڈیوائس،دھماکوں کیلئے استعمال کیے جانیو الے 6موبائل فون سیٹ،6ہینڈ گرینیڈ،2ریمورٹ کنٹرول،70پستول کی گولیاں اور دیگر اقسام کا دھماکہ خیز مواد اپنے قبضے میں لیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلحہ اور گولہ بارود شہر کے 7ویں ضلع کی حدود سے قبضے میں لیا گیا۔دہشتگرد کابل میں بڑیحملوں کیلئے یہ اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد استعمال کرنا چاہتے تھے ۔