خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان سیکیورٹی فورسزنے10مسافروں کو بازیاب کرالیا

کابل:(اے پی پی) افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے صوبہ قندوز میں ایک کاروائی کے دوران طالبان کی قید میں رکھے گئے 10مسافروں کو بازیاب کرائے جانے کا دعویٰ کیاہے، صوبہ ہرات میں طالبان نے فٹبال کے مغوی کھلاڑیوں میں سے ایک کو ہلاک کردیا، لغمان میں چھاپہ مارکاروائی میں طالبان کے مقامی کمانڈر سمیت تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا،غزنی میں عدالتوں کے قریب پولیس اورعسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں 4عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق سیکورٹی حکام نے بتایا کہ منگل اوربدھ کی درمیانی شب قندوز کے علاقہ شینہ ٹپہ میں سیکورٹی فورسز نے کاروائی کی اوراس دوران طالبان کی قید میں رکھے گئے 10مسافروں کو بازیاب کرالیاگیا۔حکام نے بتایا کہ اس وقت مزید8شہری طالبان کی قید میں ہیں جن کی رہائی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ شہریوں کی بازیابی کیلئے کئے جانیوالی کاروائی میں کم سے کم تین طالبان عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ہیں،واضح رہے کہ طالبان نے ایک روز قبل ان افراد کو بسوں سے اتار کر اغواء کرلیا جبکہ ان میں سے تقریباً 17کو ہلاک کردیاتھا۔مغربی صوبہ ہرات میں طالبان نے فٹبال کے مغوی کھلاڑیوں میں سے ایک کو ہلاک کردیا۔حکام نے بتایا کہ طالبان نے پیر کے روز فٹبال کے4کھلاڑیوں کو اغواء کرلیا تھاجن میں سے ایک کو ہلاک کردیا گیا ۔طالبان نے دو کھلاڑیوں کو رہا کردیا جبکہ چوتھا بدستور طالبان کی قید میں ہے۔ان افراد کو ایک فٹبال گراونڈ سے اس وقت اغواء کرلیا گیا جب وہ ایک میچ کیلئے وہاں پہنچے۔صوبہ لغمان میں ایک چھاپہ مارکاروائی میں طالبان کے مقامی کمانڈر سمیت تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا۔افغان حکام نے بتایا کہ یہ کاروائی افغان خفیہ ادارہ کی معلومات کے بعد کی گئی اورمرنے والوں میں طالبان کا مقامی کمانڈر ملا گل سرور بھی شامل ہے۔طالبان نے اس بارے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔جنوب وسطی صوبہ غزنی میں عدالتوں کے قریب پولیس اورعسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں 4عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے اپیلٹ کورٹ کے قریب حملہ کردیا اوراس دوران بارودی مواد سے بھری کارکو اڑا دیا۔حکام نے بتایا کہ پولیس نے اس حملے کو ناکام بنادیا ہے اورجوابی کاروائی میں چاروں حملہ آور ہلاک ہوگئے۔