خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو مل کر کام کریں ،امریکہ

واشنگٹن: (آئی این پی) امریکہ نے افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ پرمل کر کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم افغانستان میں قومی اتحاد کی حکومت کے حامی ہیں اور مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے اشرف غنی اورعبداللہ عبداللہ کے مل کر کام کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔غیرملکی میڈیاکے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان الزبتھ ٹروڈو نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ افغانستان میں قومی اتحاد کی حکومت کے حامی ہے ۔ہم نے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے صدر اشرف غنی اور قومی یکجہتی کی حکومت کے حوالے سے عوامی بیان کو دیکھا ہے ۔ترجمان کا کہنا تھاکہ مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئیہم صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے مل کر کام کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔قومی اتحاد کی حکومت کی طرف سے اہم اور ٹھوس پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے الزبتھ ٹروڈو نے کہاکہ ہم افغان حکومت کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے ۔واضح رہے کہ افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کابل میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ صدر اشرف غنی حکومت چلانے کے اہل نہیں وہ انتخابی اصلاحات اور دیگر معاملات کے حل میں ناکام ہوچکے ہیں۔