خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان صوبہ ہرات میں دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے والے 15 اہلکار اغواء

کابل:(اے پی پی) چینی خبررساں ادارے اور افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ ہرات کے صوبائی ترجمان نے کہا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے خوست جانے والے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے والی ایجنسی کے 15 اہلکاروں کو اسلام قلعہ روڈ پر اغوا کرلیا اور انہیں نامعلوم مقام پر لے گئے ۔ ایجنسی نے اس واقعے کی زمہ داری طالبان پر عائد کی ہے۔ فوجی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے قندوز شہر کے نواح میں ایک آپریشن کے دوران 8 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک اور 10 کو زخمی کردیا۔ دریں اثناء داعش کے حامیوں نے صوبہ ننگر ہار کے ضلع آچین میں ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ داعش کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کی ہیں جس میں ڈرون کو دکھایا گیا ۔ دہشتگرد گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرون افغانستان میں امریکی فورسز کا ہے تاہم اس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ صوبہ ہرات کے نواح میں تین گاڑیوں کے حادثے میں 11 افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین اور مقامی لوگوں کے مطابق اس حادثے میں 27 افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والے یہ افراد نئے شمسی سال کی تقریبات نوروز میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔