خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان طالبان کا کابل بم حملے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار

کابل(ملت آئی این پی )افغان طالبان نے کابل میں غیر ملکی سفارت خانوں کیقریب ہونے والے تازہ بم حملے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ا ن کی تحریک اس حملے میں ملوث نہیں ہے، ایسے خونریز حملوں کی مذمت کرتے ہیں جن میں شہریوں کی ہلاکت ہوتی ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں غیر ملکی سفارت خانوں کیقریب ہونے والے تازہ بم حملے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا ہے ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری تحریک اس حملے میں ملوث نہیں ہے، ایسے خونریز حملوں کی مذمت کرتے ہیں جن میں شہریوں کی ہلاکت ہوتی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ طالبان کی پرتشدد کارروائیوں میں شہری ہلاکتیں بھی ہوتی رہتی ہیں۔ کابل کے علاقے وزیر اکبر خان میں زنباق اسکوائر کے قریب ہونے والے بم حملے میں 80افراد ہلاک اور 350سے زائد زخمی ہوگئے ۔حکام کا کہنا ہے کہ کابل میں جرمن سفارت خانے کے قریب صبح مقامی وقت کے مطابق 8 بجکر 20 منٹ پر ہونے والے اس بم دھماکے میں مرنے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ دھماکا بہت ہی شدید تھا جس کی آواز بہت دور تک سنی گئی جبکہ سفارت خانوں سے لے کر اس جگہ سے سیکڑوں میٹر فاصلے پر مکانات تک کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ فی الحال کسی دہشت گرد گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔اس واقعے کو اس سال افغانستان میں ہونے والی سب سے بڑی دہشت گردی کی کارروائی بھی قرار دیا جارہا ہے اور خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں آنے والے گھنٹوں کے دوران مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ اب بھی کئی زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔