خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان فضائیہ کی اپنے ہی فوجیوں پر بمباری، 10 اہلکار ہلاک

افغان فضائیہ کی اپنے ہی فوجیوں پر بمباری، 10 اہلکار ہلاک

قندھار(ملت آن لائن)
افغانستان کے صوبے ہلمند میں افغان فضائیہ نے زمین پر موجود اپنے ہی فوجی اہلکاروں پر بمباری کر دی جس کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے شورش زدہ صوبے ہلمند کے ضلع گرشک میں گزشتہ کئی روز سے طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں اور اس لڑائی میں زمینی افواج کی معاونت کے لیے فضائی کارروائی کی گئی تاہم غلطی سے اس کا نشانہ افغان فورسز کے اہلکار ہی بن گئے۔

ہلمند کے گورنر حیات اللہ حیات نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، یہ فضائی حملہ اس جگہ کیا گیا جہاں گزشتہ کئی روز سے طالبان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ دو ماہ قبل اسی ضلع میں امریکی فضائیہ کی بمباری سے 16 افغان اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلمند کے ضلع گرشک کے زیادہ تر علاقوں پر طالبان کا کنٹرول ہے۔

افغانستان کے صوبہ اروزگان میں طالبان نے حملہ کرکے فوجی اڈے پر قبضہ کرلیا جس کے نتیجے میں 20 سیکورٹی اہلکار لاپتہ ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق عسکریت پسندوں نے اروزگان کے ضلع چورہ کے مرکز میں واقع فوجی اڈے پر دھاوا بول دیا۔ افغان فورسز سے شدید جھڑپوں کے بعد عسکریت پسند فوجی بیس پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد سے پولیس اور فوج کے 20 اہلکار لاپتہ ہیں۔