خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان فضائیہ کی بمباری میں داعش کے 42جنگجو ہلاک

کابل: (ملت+آئی این پی) افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں داعش کے 42جنگجو جبکہ ہلمند میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کے فرضی گورنر سمیت 12جنگجو ہلاک ہوگئے،داعشی جنگجوؤں نے 65گھروں کو نذر آتش کردیا۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق ننگرہار میں افغان فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں داعش کے 42جنگجو ہلاک ہوگئے۔صوبائی گورنرکے ترجمان عطااللہ کھوگیانی نے بتایا ہے کہ فضائی کاروائی ضلع آچن،کوٹ اور رودات میں کی گئی جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ۔فضائی کاروائی میں داعش کے متعدد ٹھکانے اور اسلحہ کے زخیر ے تباہ کردیئے گئے ۔فضائی کاروائی کے دوران شہریوں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھر داعش نے ننگرہار صوبے میں 65گھروں کو آگ لگا دی ۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ داعش نے ضلع کوٹ میں شہریوں کے گھروں کو آگ لگا دی ۔صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ کھوگیانی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ داعشی جنگجوؤں نے65گھروں کو جلا ڈالا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب صوبہ ہلمند میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کے فرضی گورنر سمیت 12جنگجو ہلاک ہوگئے ۔صوبے میں ایک فوجی ترجمان نے بتایا ہے کہ آپریشن ضلع سنگین میں کیا گیا جس میں طالبان کے فرضی گورنر سمیت 12جنگجو مارے گئے ۔