واشنگٹن ۔ (اے پی پی) امریکہ کے سینیئر فوجی کمانڈرجنرل جان کیمبل نے کہا ہے کہ افغانستان فضائیہ 2020 ء سے قبل مطلوبہ ضروری طاقت کے حصول کی سطح تک نہیں پہنچ سکے گی۔جنرل جان کیمبل گزشتہ ہفتے ہی افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کی کمان کے عہدے سکبدوش ہوئے ہیں۔وائس آف امریکا کے مطابق اْنھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ افغان فضائیہ کے لیے تیار کیے جانے والے کچھ طیارے 2018 تک افغانستان نہیں پہنچ سکیں گے۔اْنھوں نے کہا کہ طیارے ملنے کے بعد افغان پائلٹس کی تربیت کے لیے مزید 2 سے3 سال درکار ہوں گے۔اْنہوں نے کہا کہ افغان فضائیہ کی مطلوبہ صلاحیت کے حصول کے بارے میں 2020ء ایک درست اندازہ ہو سکتا ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ امریکہ اور نیٹو کو افغان فورس کو تربیت اور لڑائی کے دوران مشاورت فراہم کرنا ہو گی،لڑائی کے دوران فضائی کارروائیوں کی نگرانی یا اْنھیں کنٹرول کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اہداف کی درستگی سے نشاندہی کریں تاکہ شہری ہلاکتوں سے بچا جا سکے۔واضح رہے کہ افغانستان سے بیشتر بین الاقوامی لڑاکا افواج کے انخلاء کے بعد طالبان کی کارروائیوں میں تیزی آئی اور اْنھوں نے کئی علاقوں میں اپنا کنٹرول بھی بڑھایا ہے۔