خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان وزارت داخلہ کا11غیرملکی دہشت گردوں کوہلاک کرنےکا دعویٰ

کابل:(اے پی پی) افغان وزارت داخلہ نے جنوب مشرقی صوبے خوست میں فضائی کارروائی کے دوران 11غیر ملکی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے خوست میں فضائی کارروائی کا آغاز ہفتے کی شب کو کیا گیا ۔فضائی کارروائی میں متعدد دہشت گرد مارے گئے ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تفصیلات افغان وزارت داخلہ نے جاری کردی ہیں ،جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، فضائی حملے میں 11 طالبان دہشت گرد مارے گئے ہیں اور بارودی مواد سے بھری گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ افغان نیشنل پولیس نے قندھار کے ضلع وام میں سڑک کنارے نصب تین بموں کو ناکارہ بنایا جبکہ افغان نیشنل ڈیفینس فورسز کی موسم بہار کی کارروائیوں میں پیش قدمی جاری ہے ۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شورش زدہ علاقوں میں عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی اہم مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔