خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان پارلیمنٹ نے خراب کارکردگی پر وزیر خارجہ سمیت 3وزراء کو برطرف کردیا

کابل (ملت + آئی این پی) افغان پارلیمنٹ نے خراب کارکردگی اورترقیاتی بجٹ کے اخراجات کے حوالے سے تسلی بخش بریفنگ دینے میں ناکامی پر وزیر خارجہ سمیت 3وزراء کو برطرف کردیا۔افغان میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ نے ترقیاتی بجٹ کے اخراجات کے حوالے سے تسلی بخش بریفنگ دینے میں ناکام رہنے پر وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی ،وزیر پبلک ورکس محمود بلیغ اور لیبر وسماجی امور،شہدا ومعذورکی وزیر نسرین اوریاخیل کو برطرف کردیا ہے ۔وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے اعتماد کے58 ووٹوں کے مقابلے میں برخاستگی کے 140ووٹ ملے۔ نسرین اوریاخیل کو اعتماد کے 56ووٹوں کے مقابلے میں برخاستگی کے 143ووٹ ملے جبکہ وزیر پبلک ورکس محمود بلیغ کو اعتما دکے 33ووٹوں کے مقابلے میں برخاستگی کے 164ووٹ ملے۔پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ہر وزیر کو اپنے عہدے کی منظوری کیلئے 118اعتماد کے ووٹ حاصل کرنا تھے ۔اسپیکر پارلیمنٹ عبدالرؤف ابراہیمی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ نے تین وزراء کو برخاست کردیا ہے اور صدر اشرف غنی سے اعتماد کے ووٹ کیلئے برطرف وزرا کی جگہ نئے مناسب افراد نامزد کرنے کی درخواست کی ہے ۔ وزرا کی توثیق بھی پارلیمنٹ سے حاصل کرنا لازمی ہے۔واضح رہے کہ افغان پارلیمنٹ نے جن تین وزرا کو برطرف کیا ہے، ان پر نامناسب کارکردگی کے علاوہ مختص بجٹ کا قبل از وقت استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔