خبرنامہ انٹرنیشنل

اقوامِ متحدہ کے اعلی اہلکار کا صدر ٹرمپ پر نفرت پر مبنی جرائم کو ہوا دینے کا الزام

نیویارک (ملت + آئی این پی) حقوقِ انسانی کے لیے اقوامِ متحدہ کے اعلی ترین عہدیدار نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر نفرت پر مبنی جرائم کو ہوا دینے اور ججوں اور صحافیوں کو دھمکانے کا الزام عائدکردیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حقوقِ انسانی کے لیے اقوامِ متحدہ کے اعلی ترین عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکہ کو ایک بہتر قیادت کی ضرورت ہے جو کہ غیرملکیوں سے نفرت اور مذہبی امتیاز جیسے خطرناک چیلنجز کا مقابلہ کر سکے۔یو این رائٹس کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زید بن رعد زید الحسین کا کہنا تھا کہ امریکہ کی نئی انتظامیہ جس طریقے سے حقوقِ انسانی کے کئی معاملات سے نمٹ رہی ہے، مجھے اس پر خدشات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نسلی امتیاز، یہود مخالف جذبات اور نسلی اور مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد میں اضافے جیسے معاملات سے نمٹنے کے لیے ایک مستقل مزاج قیادت ضروری ہے۔زید رعد الحسین نے خبردار کیا کہ امریکہ کی نئی قیادت کی جانب سے مسلمانوں اور میکسیکنز جیسے گروپوں کو بدنام کیا جانا اور تارکینِ وطن میں جرائم کی شرح زیادہ ہونے جیسے ‘جھوٹے دعوے’، غیرملکیوں سے نفرت کی بنیاد پر برے سلوک کو بڑھاوا دے رہی ہیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ‘صدر کی جانب سے ججوں اور صحافیوں کو دھمکانے کی کوششوں سے خوش نہیں’۔واضح رہے کہ امریکہ میں بڑے صحافتی اداروں اور آزادی صحافت کے گروپوں نے صدر ٹرمپ پر صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے کے الزام لگائے ہیں اور ایسا ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔خیال رہے کہ زید رعد الحسین اقوامِ متحدہ کے وہ پہلے اعلی عہدیدار ہیں جنھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارتی حکم نامے کے ذریعے عائد کی جانے والی نئی سفری پابندیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔انھوں نے کہا تھا کہ تارکینِ وطن کی ملک بدری میں تیزی اجتماعی اخراج اور جبری بیدخلی کے مترادف ہو سکتی ہے جو کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔زید رعد الحسین کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں خدشہ ہے کہ ایسے اقدامات کا بچوں اور خاندانوں پر برا اثر پڑے گا اور وہ ٹوٹ کر رہ جائیں گے۔