اقوام متحدہ :(اے پی پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اتوار کو لاہور میں گلشن اقبال پارک میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں خواتین اور بچوں سمیت 70 سے زیادہ افراد جاں بحق اور 300 زخمی ہو گئے ۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں اس ہولناک دہشت گرد حملے کے مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے تک لانے کا مطالبہ کیا گیا۔بیان کے مطابق بان کی مون نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تمام افراد کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات کرے، جن میں ملک میں رہنے والی مذہبی اقلتیں بھی شامل ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے لیے دلی افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاکستان میں موجود اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں گلشن اقبال پارک پر حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام افراد کو پر امن زندگی گزارنے کا حق ہے اور لاہور میں ہونے والی بربریت انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ دوسری جانب امریکا نے لاہور کے گلشنِ اقبال پارک میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ اظہارِ ہمدری کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔بیان میں لاہور حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ بیان کے مطابق اس طرح کے حملوں کے نتیجے میں دہشت گردی کو دنیا بھر میں شکست دینے کا امریکا اور پاکستان کا مشترکہ عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ امریکی حکومت اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ جاری رکھے گی۔