خبرنامہ انٹرنیشنل

اقوام متحدہ حقائق معلوم کرنے والامشن مقبوضہ کشمیر بھیج دے، او آئی سی

انقرہ ۔ 19 اکتوبر (ملت + اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ حقائق معلوم کرنے والا مشن فوری طورپرمقبوضہ علاقے میں بھیج دے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تنظیم کی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی نے انقرہ میں جاری اعلامیے میں کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جا نا چاہیے۔اعلامیے کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ جموں وکشمیر کا ہے۔ اعلامیے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پرزور دیا گیا ہے جن میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی آزادانہ اور غیر جانبدارنہ رائے شماری کی سفارش کی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت خطے میں استحکام لانے کے بجائے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دہشت گردی سے جوڑ کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 36ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت وادی کشمیر پرکالے قوانین کے ذریعے حکمرانی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کا رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بار بار کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کررہا ہے تاہم پاکستا ن کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ دریں اثناء بھارتی فورسز کے مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے اجلاس میں ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں بھارتی فوج اور پولیس کشمیریوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہی ہیں۔