خبرنامہ انٹرنیشنل

اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے ادارے کی ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کی سخت الفاظ میں مذمت

اقوام متحدہ:(اے پی پی) اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے ادارے کے ہائی کمشنر نے امریکی صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کمشنر زید رعد الحسین نے ڈونلڈ ٹرمپ کا نام تو نہیں لیا لیکن مسلمانوں کے متعلق ان کی پالیسز اور ٹارچر کے تعلق سے ان کے موقف پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے انھیں متعصب اور کٹّر پن سے تعبیر کیا۔انہوں نے کہا کٹّرپن مضبوط لیڈر شپ کا ثبوت نہیں ہے۔دوسرے ریپبلکن امیدوار ٹیڈ کروز کے اس موقف پر بھی انھوں نے نکتہ چینی کی جس میں کروز نے مسلمانوں کے آس پڑوس میں نگرانی رکھنے کی بات کہی تھی۔رعد الحسین نے اوہائیو میں سامعین سے بات کرتے ہوئے کہا ’’نفرت انگیز بیانات، اشتعال انگیزی اور دوسروں کو دبانے کی باتیں نہ تو ہنسانے والی تفریح ہے اور نہ ہی سیاسی مفاد کے لیے کوئی باوقار گاڑی۔انھوں نے مزید کہا اس ملک کے صدر بننے کے لیے ہونے والے مقابلے میں سبقت لینے والے ایک امید وار نے چند ماہ قبل ٹارچر کی اپنی پرجوش حمایت کا اعلان کیا تھا،وہ معلومات حاصل کرنے کے لیے جو شاید ان کے پاس ہوں بھی نہ اس کے لیے لوگوں کو ناقابل برداشت تکلیف پہنچانا۔مبصرین کا کا کہنا ہے اقوام متحدہ کے اتنے سنیئر افسر کی جانب سے اتنی سخت تنقید کے باوجود بھی نیو یارک کے ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ باز آنے والے نہیں ہیں کیونکہ وہ تو خود اقوام متحدہ پر نکتہ چینی کرتے رہے ہیں۔