خبرنامہ انٹرنیشنل

اقوام متحدہ میں مولانا مسعود اظہر پر پابندی لگانے کی تجویزمسترد ہونے پربھارت شدید برہم

واشنگٹن /نئی دہلی (آئی این پی )بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مولانا مسعود اظہر پر پابندی لگانے کی تجویزمسترد ہونے پر شدیدبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسعود اظہر پر پابندی لگانے کی ہماری درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی نے تکنیکی پابندی لگا دی جس پر ہمیں بہت مایوسی ہوئی ، یہ سمجھ سے باہر ہے کہ جیش محمد کو شدت پسند سرگرمیوں اور القاعدہ سے تعلقات کی وجہ سے 2001 میں ہی بلیک لسٹ شدت پسند تظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا لیکن اس کے لیڈر پر پابندی لگانے کی تجویز پر تکنیکی اعتراض لگا دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے واشنگٹن میں جوہری ہتھیاروں کے تحفظ پر ہونے والی کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس بات سے مایوس ہیں کہ مسعود اظہر پر پابندی لگانے کی ہماری درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی نے تکنیکی پابندی لگا دی ہے۔انھوں نے کہا کہ پٹھان کوٹ پر ہونے والے حملے سے یہ واضح ہے کہ مسعود اظہر پر پابندی نہیں لگانے کا نتیجہبھارت کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انتہا پسندی کے خلاف کمیٹی کا یہ عمل بین الاقوامی کمیونٹی کی جانب سے انتہا پسندی کو فیصلہ کن شکست دینے کے عزم کے مطابق نہیں ہے۔وکاس سوروپ نے کہا کہ یہ سمجھ سے باہر ہے کہ جیش محمد کو شدت پسند سرگرمیوں اور القاعدہ سے تعلقات کی وجہ سے 2001 میں ہی بلیک لسٹ شدت پسند تظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا لیکن اس کے لیڈر پر پابندی لگانے کی تجویز پر تکنیکی اعتراض لگا دیا گیا ہے۔