خبرنامہ انٹرنیشنل

اقوام متحدہ نے داعش کاکیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا:روس کی تنقید

برسلز:(اے پی پی) روس نے داعش کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے حملوں کے معاملے پر اقوام متحدہ کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عالمی ادارے نے داعش کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر ایک بار بھی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ کے امور بارے روس کے نائب وزیر خارجہ میخائیل اولیانوف نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے 2016 کے پہلے 3 مہینے میں شام اور عراق میں مسٹرڈ گیس سے تیار شدہ کیمیائی ہتھیاروں سے کم از کم تین بار حملہ کیا ہے۔روس کے نائب وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ داعش کے عناصر اس قسم کے کیمیائی ہتھیاروں کا دوبارہ استعمال کر سکتے ہیں۔روس کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ داعش اپنی حتمی شکست سے بچنے اور جنگی محاذوں پر طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لئے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا استعمال کر سکتی ہے۔روس کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ داعش کے کیمیائی ہتھیاروں کے حملوں کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے سلامتی کونسل کے توسط سے دوسرے طریقوں کو اپنایا جانا چاہئے لیکن مغربی ممالک اس سلسلے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔