خبرنامہ انٹرنیشنل

اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر نئی تجارتی پابندیاں عائد کردیں

نیو یارک: (ملت+آئی این پی)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا پر نئی تجارتی پابندیاں عائد کر دیں۔ کوئلے کی بر آمد پر پابندی سے شمالی کوریا کو 70 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سلامتی کونسل کے اراکین نے متفقہ طور پر شمالی کوریا پر کوئلے کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی۔ پیانگ یانگ 2017 میں 75 لاکھ ٹن سے زائد کوئلہ برآمد نہیں کر سکے گا جبکہ کاپر، سلور، زنک اور نکل پر پابندی سے سالانہ سو ملین ڈالر نقصان ہو گا۔ یہ پابندیاں شمالی کوریا کی جانب سے مسلسل ایٹمی تجربات کے بعد عائد کی گئی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے تمام ممالک سے پابندیوں پر عملدر آمد کی اپیل کی ہے۔