مقبوضہ بیت المقدس ۔(ملت آن لائن) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی واٹر سپلائی کمپنی نے اپنی پالیسی تبدیل نہ کی تو اس کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے اور کمپنی کو بلیک لسٹ کیا جاسکتا ہے۔عبرانی اخباریدیعوت اہرونوت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن دفتر سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ اسرائیلی واٹر سپلائی کمپنی میکوروٹ کو غرب اردن میں فلسطینی آبی وسائل پر قبضے کی وجہ سے یہودی کالونیوں میں سرگرم ان کمپنیوں میں شامل کیا جا سکتا ہے جو غیرقانونی سرگرمیوں کی وجہ سے بلیک لسٹ کی گئی ہیں یا آئندہ کی جائیں گی۔ اخبار کے مطابق اقوام متحدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ میکوروٹ فلسطینی آبی وسائل کو یہودی آباد کاروں کے مفاد کے لیے استعمال کررہی ہے۔ اس کے علاوہ یہ کمپنی فلسطینیوں کا اپنا پانی بھاری قیمت میں فروخت کررہی ہے۔دوسری جانب کمپنی نے اقوام متحدہ کے انتباہ کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے ساتھ طے پائے معاہدے کے مطابق ہی کام کررہی ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے 2016ء سیاب تک ایسی 206 کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا جا چکا ہے۔ ان میں 143 اسرائیلی ،22 امریکی اور 19 دوسرے ممالک کی کمپنیاں شامل ہیں۔