خبرنامہ انٹرنیشنل

اقوام متحدہ کی شمالی شام میں جنگ بندی کی اپیل

اقوام متحدہ: (اے پی پی) اقوام متحدہ نے اپیل کی ہے کہ شام کے شمالی علاقے حلب کے لوگوں کو امداد پہنچانے کے لیے ہر ہفتے اڑتالیس گھنٹے کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا جائے۔فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق شام میں اقوام متحدہ کی انسان دوستانہ امداد کے ورکنگ گروپ کے انچارج جان اگلینڈ نے کہا کہ حلب کے شمالی حصے پر دہشت گرد گروہوں کا کنٹرول ہے اور شامی فوج نے اس کا محاصرہ کر رکھا ہے، انہوں نے اپیل کی ہے کہ اس علاقے کے ڈھائی لاکھ لوگوں کو امداد پہنچانے کے لیے ہر ہفتے 48 گھنٹے کے لیے جنگ بند کی جائے۔انھوں نے کہا کہ ان کا گروپ انسان دوستانہ امداد پہنچانے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حلب کے مشرقی علاقے کو آزاد کرانے کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔جان اگلینڈ نے اس علاقے میں المیے کو رونما ہونے سے روکنے کے لیے ہر ہفتے جنگ بندی کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ شامی فوج نے 7 جولائی کو حلب کے شمالی علاقوں کی آخری سپلائی لائن کو بھی کاٹ کر اسے آزاد کرا لیا ہے۔دوسری جانب شام میں عالمی ریڈ کراس کمیٹی کی نمائندہ ماریان گاسر نے حلب کے باشندوں کی مشکل اور دشوار صورت حال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عام شہری دشوار اور سخت حالات کے باوجود بدستور استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔