نیویارک ۔ (اے پی پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سمیت عالمی رہنماؤں نے انقرہ میں بم دھماکوں کی مذمت اور ترک صدر رجب طیب اردگان سے ان دھماکوں میں ہونے والی ہلاکتوں پر تعزیت کے پیغامات ارسال کیے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے پیغام میں ترک عوام اور حکومت سے انقرہ حملوں اور قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مشکل گھڑی میں ترکی کی مدد کے لئے تیار ہیں۔یورپی کونسل کے سیکرٹری جنرل نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انقرہ میں دہشت گردی یورپی اقدار کے خلاف حملہ ہے۔آذربائیجان کے صدرالہام علیوف نے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اس المیہ میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے لواحقین ، ترک عوام سے تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کیصحت یابی کت لے دعا گو ہوں۔روس کے صدر پیوٹن نے اپنے پیغام میں حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترک عوام کے سوگ میں برابر کے شریک ہیں۔لتھوانیا کے وزیر خارجہ نے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انقرہ میں مزید ایک خونی حملہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترکی کو ایک بار پھر دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے اور ہمیں اپنے اتحادی ملک کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔ انقرہ میں موجود برطانیہ کیسفیر رچرڈ موور نے اپنے بیان میں حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔