خبرنامہ انٹرنیشنل

النصرہ فرنٹ کا حزب اللہ کے کمانڈرکیگرفتاری کا دعوی

دمشق:(اے پی پی) شام میں لڑنے والی عسکریت پسند تنظیم النصرہ فرنٹ نے شمالی شہرحلب میں تازہ لڑائی کے دوران لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو گرفتار کرلیا ہے۔ النصرہ کی جانب سے پکڑے گئے حزب اللہ کمانڈر کی ویڈیو فوٹیج جاری کی ہے جس میں اسے تفصیلات بتاتے دکھایا گیا ہے۔ کمانڈر نے اپنی شناخت محمد یاسین کے نام سے بتائی ہے۔ النصرہ فرنٹ کے چنگل میں پھنسنے کے بعد محمد یاسین نے جنوبی حلب میں العیس کے مقام پر ہونے والی لڑائی کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ حزب اللہ کے ساتھ اپنے تعلق کی بھی وضاحت کی ہے۔حزب اللہ کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ اس کا آبائی تعلق جنوبی لبنان کی النبطیہ گورنری میں مجدل سلم قصبے سے ہے اس نے 2010ء میں حزب اللہ میں شمولیت اختیار کی جسکے بعد اسے جنگی تربیت دی گئی اور وہ شام میں کئی کارروائیوں میں حصہ لے چکا ہے۔حزب اللہ کمانڈر نے انکشاف کیا ہے کہ حلب کے جنوب میں وہ ایک ایسے گروپ کے ہمراہ لڑتا رہا ہے جس میں عراق، ایران اور افغانستان سے آئے جنگجوؤں کے علاوہ شامی فوج کے اہلکار بھی شامل تھے۔